پاک فضائیہ کے معمار ، ایئر مارشل کی آخری پرواز ، اصغر خان انتقال کر گئے انا للہ وانا الیہ راجعون

پاک فضائیہ کے معمار ، ایئر مارشل کی آخری پرواز ، اصغر خان انتقال کر گئے انا ...
 پاک فضائیہ کے معمار ، ایئر مارشل کی آخری پرواز ، اصغر خان انتقال کر گئے انا للہ وانا الیہ راجعون

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) ایئر چیف مارشل(ر)اصغر خان حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سابق ایئر چیف مارشل اصغر خان علالت کے باعث گزشتہ کئی روز سے سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیرعلاج تھے۔ انہیں جمعہ کی صبح دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج ہفتہ کو ایبٹ آباد میں ان کے آبائی علاقے نواں شہر میں ادا کی جائے گی۔ اصغر خان 1957میں ایئر چیف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ وہ اس عہدے پر تعینات ہونیوالے پہلے پاکستا نی تھے، اس وقت ان کی عمر محض 36برس تھی اور وہ پاک فضائیہ کے کم عمر ترین سربراہ قرار پائے تھے۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم میں بطور فائٹر پائلٹ حصہ لیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایئر مارشل (ر)اصغر خان کی نماز جنازہ کو سٹیٹ فیونرل دینے کی منظوری دید ی ۔تفصیلا ت کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہناتھا ایئر مارشل اصغر خان کی سرکاری اعزازکیساتھ تدفین پاک فضائیہ کیلئے خدمات کا اعتراف ہے ۔اصغر خان کی نماز جنازہ فرنٹئیر فورس رجمنٹل سینٹر گراؤنڈ ایبٹ آباد میں کل دن اڑھائی بجے ادا کی جائے گی اور انہیں نواں شہر کے آبائی قبر ستا ن میں سپر د خاک کیا جائے گا۔اصغرخان کی پاک فضائیہ کیلئے خدمات پرانکی نمازجنازہ کوسرکاری اعزازدینے کافیصلہ کیاگیا، وزیراعظم نے ایئرمارشل(ر)اصغرخان کی نمازجنازہ کوسٹیٹ فیونرل دینے کی منظوری دیدی ہے۔جبکہ پاک فضائیہ کے پہلے کمانڈر اِن چیف ایئرمارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے انتقال پر صدر،وزیراعظم، آرمی چیف سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے اصغر خان کی ، قومی دفاع اور پاک فضائیہ کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، قابل تقلید سپاہی تھے۔ صدر مملکت نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اصغر خان انتہائی ایماندار اور بہادر شخصیت تھے، انہوں نے قائدانہ صلاحیتوں سے پاک فضائیہ کوجدید قوت بنایا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی ملک کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اللہ تعالی اصغر خان کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انکے اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کرتا ہو ں ۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے انتقا ل پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اصغر خان قابل تقلید سپاہی تھے،اصغرخان کوان کے تاریخی کردارپرہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی مرحوم کوجنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آ ف اسٹا ف کمیٹی، نیول چیف ، ایئرچیف نے اصغرخان کے انتقال پر ا ظہا رافسوس کیا ہے اور کہاہے سابق ایئر چیف مارشل نے جانفشانی ، بہادری سے نوزائیدہ ایئرفورس کی قیادت کی،وہ اعلی کردار،غیرمعمولی پیشہ وارانہ صلاحیت اورغیرمتزلزل عزم کے پیکرتھے۔ پاکستان ایئرفورس نے ان کے پیشہ وارانہ کیرئر پر مبنی ویڈیو جاری کی ہے، ویڈیو پیغام میں جذبہ حب الوطنی، پیشہ وارانہ مہارت اور دیانت داری پر اصغر خان کو سلام پیش کیا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، چیئرمین تحریک انصا ف عمران خان ، شاہ محمود قریشی اور دیگرسیاسی ، مذہبی اور سماجی قیادت کی جانب سے ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مر حو م کیلئے دعائے مغفرت کی اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اصغرخان نے پاک فضائیہ کو تبدیل کیا، وہ ایک مضبوط، ثابت قدم اور سا لمیت پر سمجھوتہ نہ کرینوالے انسان تھے، اللہ اصغر خان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

اصغر خان

مزید : صفحہ اول