سیکرٹری خارجہ نیب ہیڈ کوارٹر ز طلب ، شریف خاندان کیخلاف شاہد اکٹھے کرنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(صباح نیوز،آن لائن )چیئرمین نیب نے شریف خاندان کیخلاف شواہد اکٹھے کرنے کے معاملے پرسیکریٹری خارجہ کو نیب ہیڈکوارٹرز طلب کر لیا۔جمعہ کو اسلام آبادمیں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کیخلاف برطانیہ سے شواہد کے حصول سے متعلق بریفنگ دی۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ شریف خاندان کیخلاف برطانیہ بھجوائی گئی دستاویزات کی تصدیق میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزارت خارجہ تمام شواہد قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نیب کے حوالے کرے۔ چیئرمین نیب نے وزارت خارجہ کو برطانیہ سے دستاویزات سفارتی ذرائع سے لانے کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایات کر دیں۔دوسری طرف چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کانوٹس لے لیا ۔ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذمہ داران نے مبینہ طور پر زمینوں کی غیر قانونی لیز اور تعمیرات کیں۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب بلوچستان کو انکوائری کا حکم دیدیا ۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے جواد کامران کھر، سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور دیگر کیخلاف مبینہ طور پر 827کنال سرکاری زمین غیر قانونی طریقے سے ہتھیانے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب ملتان کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا ہے اور دو ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔