13سو سے زائد سکول ہیڈ ماسٹر ز اور پرنسپلز سے محروم ، انتظامی امور متاثر ہونے لگے

13سو سے زائد سکول ہیڈ ماسٹر ز اور پرنسپلز سے محروم ، انتظامی امور متاثر ہونے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(حافظ عمران انور)پنجاب کے 13سو سے زائد ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلزکی سیٹیں خالی ہیں،سکولوں کے انتظامی امور شدید متاثر ہونے لگے ہیں ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے اس کا نوٹس لے لیا ہے، تمام اضلاع کے ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سکول سربراہوں کی خالی سیٹوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ ایک ہفتے تک تمام خالی سیٹوں کو پرکرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ڈی پی آئی کی طرف سے پنجاب کے تمام اضلاع کے سی ای اوز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اس وقت پنجاب کے 36اضلاع میں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کی تعداد ساڑھے چھ ہزار کے قریب ہے جن میں سے 13 سو سے زائد سکول تاحال ہیڈ ماسٹراور پرنسپلز سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سکولوں میں شدید ترین انتظامی بحران پایا جا رہا ہے ۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے اتنی بڑی تعداد میں سکولوں میں ہیڈ ماسٹر اور پرنسپلز کی سیٹیں خالی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ان سکولوں میں فوری طور پر ہیڈ ماسٹر اور پرنسپلز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مراسلے کے مطابق مذکورہ بالا سکولوں میں سربراہان کی خالی سیٹوں پر ایس ایس ٹی اور ایس ایس ای کو ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز تعینات کیا جائے گا۔پنجاب میں کل ساڑھے چھ ہزار ہائی اور ہائیرسیکنڈری سکول ہیں جن میں سے ساڑھے چھ ہزار سکولوں میں ہیڈ ماسٹر اور پرنسپلز تعینات نہیں سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دن پہلے گریڈ 18کے افسران کو گریڈ 19میں ترقی دی گئی ہے چنانچہ پنجاب بھر کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کی خالی سیٹوں پر ایک ہفتے تک تعیناتیاں کر دی جائیں گی۔

مزید :

صفحہ اول -