نواز،شہباز اور خواجہ سعد کیخلاف بغاوت کے مقدمہ میں وکلاء طلب

نواز،شہباز اور خواجہ سعد کیخلاف بغاوت کے مقدمہ میں وکلاء طلب

لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف،میاں شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت 20جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا ء کو بحث کے لئے طلب کر لیاہے۔

ایڈیشنل سیشن جج منور حسین نے شہری آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے وکیل محمد عرفان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ فوجداری نوعیت کے مقدمات میں وکالت نامہ کے بغیر ملزم کا وکیل پیش نہیں ہو سکتا،خواجہ سعد رفیق کے وکیل کی جانب سے وکالت نامہ جمع نہیں کروایا گیا،خواجہ سعد رفیق کے وکیل کی جانب سے جو جواب دیا گیا وہ خلاف قانون ہے، سعد رفیق نے تقاریر میں ملکی اداروں کے خلاف نفرت پھیلائی ،انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کہنے پر عوام کو ملکی اداروں کیخلاف اکسانے کی کوشش کی ہے جبکہ خواجہ سعد رفیق کے وکیل چودھری رمضان نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے کے خلاف بے بنیاد درخواست دائر کی گئی ہے، وفاقی وزیر کے خلاف درخواست میں مکمل کوائف بھی نہیں لگائے ،درخواست گزار نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے جھوٹی درخواست دائر کی ہے۔

مزید : علاقائی