کاک پٹ میں جھگڑا ،دو بھارتی پائلٹوں کوجہاز اڑانے سے روک دیا گیا

کاک پٹ میں جھگڑا ،دو بھارتی پائلٹوں کوجہاز اڑانے سے روک دیا گیا

نئی دہلی(آن لائن)دو بھارتی پائلٹوں کو ایک پرواز کے دوران کاک پٹ میں جھگڑا کرنے پر جہاز اڑانے سے روک دیا گیا ۔بھا رتی میڈیا کے مطا بق جیٹ ایئرویز کی ایک پرواز کے دوران کاک پٹ میں یہ جھگڑا ایک مرد اور ایک خاتون پائلٹ کے درمیان ہوا۔ لندن سے ممبئی جانے والی جیٹ ایئرویز کی پرواز کے دوران کاک پٹ میں دونوں پائلٹوں کے درمیان پہلے تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا، اس کے بعد مرد پائلٹ نے اپنی ساتھی خاتون پائلٹ کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا۔ خاتون پائلٹ کچھ دور کے لیے روتی ہوئی کاک پٹ چھوڑ کر باہر چلی گئی تھی۔یہ واقعہ ایسی پرواز کے دوران پیش آیا، جس میں 324 مسافر موجود تھے۔ متعدد بھارتی اخبارات کے مطابق اس دورانِ پرواز لڑائی میں مرد پائلٹ نے اپنی خاتون ساتھی سے کہا کہ وہ دوبارہ کیبن عملے میں جا ملے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس دوران ایک موقع پر مرد پائلٹ بھی جہاز کا کنٹرول چھوڑ کر کاک پٹ سے کچھ دیر کے لیے باہر نکل گیا تھا۔ ایک سال پہلے ایئر انڈیا نے اپنے کیبن عملے کے ساڑھے تین ہزار اہلکاروں میں سے تقریباً 600 کو چھ ماہ کے اندر وزن کم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان میں سے تقریباً 130 کو زیادہ وزن کا حامل ہونے کی بناپر طیاروں کے اندر ڈیوٹی سے ہٹا لیا گیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر