افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کیلئے خطرہ ، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی : دفتر خارجہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی ہے اور 15 سال میں 120 بلین ڈالرز خرچ کیے ۔ٹرمپ کی ٹویٹ اور امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ سکیورٹی معاملات پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور امریکی انتظامیہ کے جواب اور تفصیلات کا انتظار ہے۔اپنے شہریوں اور خطے کے امن کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔دہشت گردی کیخلاف پاک امریکی اتحاد در حقیقت صرف امریکی قومی سلامتی کے مقاصد پورے کرتا ہے اور پاک امریکہ انسداد دہشت گردی تعاون کا فائدہ سب سے زیادہ امریکہ اور عالمی برادری کو ہوا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے جبکہ پاکستان نے پاک افغان سرحد پر بہترین بارڈر مینجمنٹ کا نظام متعارف کرایا لیکن افغانستان میں امن افغان حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔
پاکستان