گورنر سندھ کا ائیر مارشل اصغر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

گورنر سندھ کا ائیر مارشل اصغر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی کمانڈ ر اِن چیف ائیر مارشل اصغر خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ائیر مارشل اصغر خان نے پاک فضائیہ کو غیر معمولی فضائی قوت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، سچے محب وطن ائیر مارشل اصغر خان غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیت کے حامل اور غیر متزلزل عزم کا پیکر تھے۔انہوں نے کہا کہ ایئر مارشل اصغر خان نے 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کو دنیا کی بہترین ایئر لائن کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے انتھک محنت کی اور پی آئی اے کو دنیا میں منفرد پہچان دلائی جس سے پی آئی اے دنیا بھر میں ملک و قوم کے لئے قابل فخر ادارہ بن کر سامنے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایئر مارشل اصغر خان کا تعلق ایسے معتبر سیاسی گھرانہ سے تھا جس نے ہمیشہ انتخابات جیتنے کے بجائے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا یہی نہیں بلکہ ساری زندگی وفاق کو مضبوط کرنے کے لئے شب و روز محنت کرکے اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا ،ان کے انتقال سے قوم ایک سچے محب وطن پاکستانی سے محروم ہوگئی ہے لیکن ان کی خدمات ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہیں گی ۔ گورنر سندھ نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول