پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ،اسلام بادشاہ
سخاکوٹ(نمائندہ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ کے رہنماء اور ممتاز ماہر سیاسیات میاں اسلام بادشاہ (آف ورتیر ) نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے ۔پی ٹی آئی کو صرف پی ٹی آئی ہی کمزور کرسکتی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ اندرونی خلفشار کا خاتمہ کرکے تمام تر توجہ عام انتخابات اور پی ٹی آئی کے مضبوطی پر مرکوز کریں ۔ اپنے دفتر میں پی ٹی آئی ملاکنڈ کے کارکنوں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے ضلعی رہنماء نے کہا کہ موجودہ نا اہل مرکزی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور بہت جلد ان کا بسترگول ہو گا جس کے بعد پاکستاکے غیور عوام قائد تحریک انصاف عمران خان پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے اور مرکز سمیت تمام صوبوں میں حکومتیں بنائینگے ۔ میاں اسلام بادشاہ نے کہا کہ ملاکنڈ کے کارکن ہر قسم سیاسی معرکے کے لئے بھر پور تیاری کیساتھ میدان میں نکلیں گے اور ثابت کرینگے کہ ملاکنڈ پی ٹی آئی کا اصل گڑھ ہے اور یہاں کسی دوسرے سیاسی جماعت کا وجود ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ ابھی سے عام انتخابات کے لئے گھر گھر مہم شروع کریں ۔