پختون قوم کا ہمیشہ استحصال کیا گیا ،شیر افغان

پختون قوم کا ہمیشہ استحصال کیا گیا ،شیر افغان

تخت بھائی( نامہ نگار ) اے این پی کے مرکزی رہنماء وPK-26کے نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی شیر افغان خان نے کہا ہے کہ ، روٹی کپڑا مکان، تبدیلی اور اسلام کے نام پر تخت اسلام آباد پر قبضہ جمانے کے لیے پختونوں کے استحصال کرنے والوں کو 2018 ؁ء کے عام انتخابات میں منہ کی کھانی پڑے گی ۔کرپشن کے خاتمے کی دعویدار صوبائی حکومت کے ارکان صوبائی اسمبلی عوام کی خدمت کی بجائے آپس میں دست و گریباں ہیں ۔ وہ اے این پی PK26کے سیکرٹریٹ تخت بھائی میں قائد تحریک باچا خان اور رہبر تحریک خان عبد الولی خان کی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ بڑے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ،جس سے ملگری تنظیموں کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر میاں طاہر ایڈوکیٹ، اے این پی ضلع مردان کے نائب صدر محمد ایوب یوسفزئی،تحصیل تخت بھائی کے جنرل سیکرٹری حاجی عطاء اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر اے این پی PK-26کے تمام یونین کونسلوں کے عہدیدار و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے ۔مقررین نے کہا کہ 21جنوری بروز اتوار کو پشاور میں باچا خان اور خان عبد الولی خان کی برسی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی جس میں لاکھوں کی تعداد میں پختون یکجہتی سے شریک ہو کر تاریخ رقم کرینگے ، قوم پرستوں کی پختون سرزمین کے لیے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، ہمارے قائدین نے جیلوں کی صعوبتیں اٹھا ئی،جانوں کے نذرانے پیش کیے لیکن پختون دشمن عناصر کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی PK-26اور پورے صوبے میں ناقابل شکست جماعت بن چکی ہے اور اگلے عام انتخابات میں مخالفین کو ناکے چنے چبوائینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر