آزادکشمیر کو پولیو فری سٹیٹ کااعزازحاصل ہے،فرحت علی میر

آزادکشمیر کو پولیو فری سٹیٹ کااعزازحاصل ہے،فرحت علی میر

مظفرآباد(بیوروپورٹ)آزادکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ پولیو فری سٹیٹ ہے۔ لیکن یہ ہمارے لیے ایک چیلنج بھی ہے کہ اس کا یہ سٹیٹس برقرار رکھا جائے تاکہ مستقبل میں بھی یہ موذی مرض آزادکشمیر کا رخ نہ کر سکے ۔ آزادکشمیر کے تمام محکمہ جات ایک ٹیم کی طرح کام کریں اور پولیو جیسی مہلک بیماری کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں ۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور محکمہ صحت عامہ کا عملہ اس سلسلہ میں ذمہ داریاں پوری کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پولیو کے خاتمے کے حوالہ سے بنائی گئی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ چوہدری محمد بشیر ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، EPI کی پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بشری ٰ شمس ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بشریٰ شمس نے آزادکشمیر میں پولیو کے حوالہ سے موجودہ صورتحال ، حکومتی اقدامات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالہ سے شرکاء کو بریفنگ دی ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر نے کہا کہ پولیو ایک مہلک بیماری ہے جس کے خاتمہ کے لیے تمام محکمہ جات کو مکمل کو آرڈنیشن کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ آزادکشمیر میں کافی عرصہ سے پولیوکا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جس پر محکمہ صحت عامہ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا اعزاز برقرار رکھنا ہے اور آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی اس مہلک بیماری سے مضبوط رکھنے کی منصوبہ بندی کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے اضلاع میں اس سلسلہ میں عوام کو آگاہی فراہم کریں تاکہ کوئی بچہ بھی پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور ہماری آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے اسی طرح محفوظ رہ سکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر