مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے،مشتاق منہاس

مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے،مشتاق منہاس

مظفرآباد(بیوروپورٹ)وزیر اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان وآزاد کشمیر کی سیاسی پارٹیوں کی ’’آل پارٹیز کانفرنس ‘‘منعقد کی جائے ۔ دنیا بھر میں ایک ارب 40کروڑ مسلمان کشمیر ی عوام کا مقدمہ سننے کو تیار ہیں حکومت پاکستان او آئی سی میں شامل ممالک سمیت تمام مسلمان ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں مزید آواز بلند کرے وہ جمعہ کے روز یوم حق خودارادیت کے حوالے سے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے منعقدہ خصوصی اجلاس میں خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر معاشی ، معاشرتی اور سماجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے مگر کشمیری بھارتی مظالم کے سامنے جھکیں گے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہید برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کا جو نیا ’’مو مینٹم ‘‘ بنا ہے اس کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت پاکستان سفارتی مہم کو تیز کرے ۔موجود ہ تحریک آزاد ی کشمیر میں ہر ممکن کشمیر کو بھر پور حصہ ہے ۔ تحریک آزاد ی کے صدقے ہمیں بیس کیمپ کی حکومت ملی ہے یہ حکومت ساری ریاست کی نمائندہ حکومت ہے ۔ ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے قرار دادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا 13اگست 1948اور 5جنوری 1949کی قرار دادوں میں کشمیریوں کے ساتھ عالمی برادری نے وعدہ کیا کہ وہ انہیں مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیاجائے گا مگر بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کی وجہ سے ابھی تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ۔ بھارت ان قرار دادوں پر عملد رآمد کرنے کی بجائے حیلے بہانوں سے کام لے رہا ہے ۔ اور ساتھ ہی نہتے بے گناہ کشمیریوں پرمظالم کے پہاڑ ٹور رہا ہے ۔ وزیر قانون راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ پہلی بار حق خودارادیت کے حوالے سے اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ۔ 5جنوری 1949کی قرار داد ہماری تحریک آزدی کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن اپوزیشن کو اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے تھا ۔ اپوزیشن کا کام قانون سازی میں حصہ لینا ہے ۔ ممبر اسمبلی چوہدری مسعود خالد نے کہا کہ آج کے اسمبلی اجلاس کا مقصد بھارتی مظالم کی مذمت کرنا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ جو مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں اللہ انہیں نیست و نابود کرے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر