حکمرانوں نے پولیس کو ہمیشہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،خرم شیرزمان

حکمرانوں نے پولیس کو ہمیشہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،خرم شیرزمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ہمیشہ اپنے صوبوں کی پولیس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ جب تک ہمارے ملک کی پولیس کا نظام درست نہیں ہوگا، اس وقت تک ملک میں امن و امان قائم رکھنا مشکل ہے۔ متشدد کارروائیوں کے لیے پولیس کو استعمال کرنا عوام کے ساتھ ساتھ ریاست سے بھی سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ ملک میں جمہوریت کی چیمپین بننے والی سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کررکھی ہے۔ سندھ میں ڈاکٹرز اوراساتذہ کا احتجاج ہو یا تحریک انصاف کی ’’انصاف کسان ریلی‘‘ ہویا پھر پنجاب میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، ہر کسی کو تشدد کے ذریعے دبانا اور ان کے جائز مطالبات نہ ماننا جمہوریت نہیں آمریت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں ضلعی صدور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ میں پولیس کا بہترین نظام متعارف کروایا ہے جس میں کے پی کے پولیس تمام تر سیاسی اثر رسوخ سے بالاتر ہو کر کام کر رہی ہے جو کہ پاکستان میں آج تک کوئی حکومت نہیں کرسکی۔ کے پی کے پولیس پورے پاکستان کی پولیس کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ خیبرپختونخواہ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کی سب سے بڑی وجہ بہترین پولیس کا نظام ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے چار سال میں وہ کارکردگی دکھائی ہے جو پیپلز پارٹی اور ن لیگ تین تین باریاں لے کر بھی نہیں کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے سندھ اور پنجاب پولیس کو وڈیرہ فورس بنایا ہوا ہے جو عام شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہے مگر جب کسی وزیر، وی آئی پی کی حفاظت کا معاملہ ہو یا سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی کرنے کی بات آتی ہے تو ان کے چاک و چوبند دستے عوام پر تشدد کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ ملک میں بہتری کے لیے سب سے ضروری با ت یہ ہے کہ نظام کو بہتر کیا جائے اور نظام اسی وقت بہتر ہوگا جب ملک کے عوام ایک مخلص اور دیانت دار قیادت کو منتخب کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر