اے پی ایم ایل کل لیاقت آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی

اے پی ایم ایل کل لیاقت آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ سندھ ساؤتھ ریجن(کراچی)کے صدر احمد حسین نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل کل(اتوار)لیاقت آباد 10 نمبر فلائی اوور پر عوامی جلسہ عام منعقد کرے گی ، جس سے پارٹی کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف تاریخی خطاب کریں گے اور وہ اہم اعلانات بھی کر سکتے ہیں ۔ جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ اس جلسے میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں تاکہ سب سے پہلے پاکستان کے پیغام کو کراچی سمیت ملک کے کونے کونے میں پھیلایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز اور الکرم اسکوائر لیاقت آباد سے جلسہ گاہ تک نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی کا آغاز الکرم اسکوائر میں واقع اے پی ایم ایل کے عارضی دفتر سے ہوا ، جو مختلف مقامات سے گزرتی ہوئی لیاقت آباد 10 نمبر پر واقع جلسہ گاہ کے مقام پر ختم ہوئی ۔ ریلی میں اے پی ایم ایل کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اے پی ایم ایل کے جلسے کے حوالے سے گلشن اقبال ، اورنگی ٹان ، کورنگی ، ملیر ، نیو کراچی ، سرجانی ٹان ، لیاقت آباد ، سائٹ ، فیڈرل بی ایریا ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، پی آئی بی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں ۔ ان کیمپس پر جلسے کے حوالے سے پارٹی نغمے بجائے جا رہے ہیں اور استقبالیہ کیمپوں پر عوام کا جوش قابل دید ہے ۔ جلسے کے حوالے سے تشہیری مہم بھی جاری ہے ۔ شہر کے تمام علاقوں اور اہم شاہراہوں پر اے پی ایم ایل کی جانب سے استقبالیہ بینرز ، ہولڈنگز اور پینا فلیکس آویزاں کیے گئے ہیں ، جن پر پرویز مشرف کی تصاویر لگی ہوئی ہیں جبکہ شاہراہوں پر اے پی ایم ایل کے جھنڈے بھی لگائے گئے ہیں ۔ پارٹی رہنماں کی جانب سے مختلف علاقوں میں پوسٹر اور ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں اور عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ جبکہ عوام تک پرویز مشرف کا پیغام پہنچانے کے لیے استقبالیہ ٹرک میں سڑکوں پر رواں دواں ہیں ۔ دریں اثنا کارنر میٹنگ اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے احمد حسین نے کہا کہ پرویز مشرف کا پیغام تیزی سے عوام میں پھیل رہا ہے ۔ کراچی میں اے پی ایم ایل بڑی سیاسی قوت بن کر ابھر رہی ہے ۔ ہمارا کسی جماعت سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ۔ ہمارا پیغام امن کا پیغام ہے ۔ پرویز مشرف عوام کے مقبول رہنما ہیں اور پرویز مشرف کے پیغام سب سے پہلے پاکستان کی وجہ سے بڑی تعداد اے پی ایم ایل میں شامل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم جلسے کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسے میں بھرپور شرکت کریں اور جلسے کو کامیاب کرکے پرویز مشرف اور اے پی ایم ایل کو مضبوط بنائیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلسے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے ۔اس موقع پر اسلم مینائی ، محمد علی شیروانی اور دیگر رہنما موجود تھے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر