ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ ادا، تدفین نواں شہر میں کی جائے گی

ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ ادا، تدفین نواں شہر میں کی جائے گی
ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ ادا، تدفین نواں شہر میں کی جائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ نور خان ایئر بیس پر ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ایئر چیف سہیل امان، نیول چیف ظفر محمود عباسی سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، مسلح افواج کے افسران و جوانوں سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نور خان ایئر بیس پر ایئر مارشل (ر) اصغر خان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی ۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی میت کو سرکاری ہیلی کاپٹر میں آبائی ضلع ایبٹ آباد روانہ کردیا گیا ہے جہاں دوپہر ڈھائی بجے ان کی دوبارہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں نواں شہر کے آبائی قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ ایئر مارشل (ر) اصغر خان جمعہ کے روز راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں انتقال کرگئے تھے ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کے احکامات جاری کیے تھے۔ ایئر مارشل اصغر خان پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ تھے جنہوں نے صرف 36 سال کی عمر میں فضائی محافظین کی قیادت کا فریضہ سنبھالا۔

انہوں نے سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد میدانِ سیاست میں بھی قدم رکھا اور تحریک استقلال کے نام سے سیاسی جماعت کی داغ بیل ڈالی، انہوں نے 2012 میں اپنی پارٹی تحریک انصاف میں ضم کردی تھی۔