امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے بیان پرہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے آل پاکستان قومی کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے بیان پرہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے آل پاکستان قومی ...
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے بیان پرہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے آل پاکستان قومی کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے پاکستان کے بارے میں بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس معاملہ پر’آل پاکستان قومی کانفرنس “منعقد کرنے کا اعلان کردیا ۔

اس بابت لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدرراشد جاوید لودھی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا بیان اور ٹویٹ سفارتی آداب اور آزاد ملکوں کی خود مختاری کے خلاف ہے اور کسی بھی ملک کے صدر کو یہ اختیار نہیں کہ وہ دوسری قوموں اور ملکوں کے بارے میں اس طرح غیر سنجیدہ گفتگو یا بیان بازی کرے ۔اس طرح کے ماحول میں دہشت گردی کے خلاف جنگ نہ صرف متاثر ہو گی بلکہ امریکہ کے اپنے مفادات کو بھی غیر معمولی دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم ایک غیرت مند قوم ہے اور ملکی سلامتی اور تحفظ کے لئے پوری قوم متحد ہے اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مشکل کی اس گھڑی میں ناصرف پاکستانی قوم کی رہنمائی بھی کرے گی بلکہ ملکی سلامتی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری افواج ،سیاسی پارٹیاں اور پوری قوم ایک پیج پر ہیں اور امریکی امداد ہمارے گلے کا طوق نہیں بن سکتی۔ پاکستان نے 70ہزار سے زیادہ شہادتیں اور اربوں ڈالر کا نقصان اپنے ملک کے تحفظ ، خودداری اور پوری دنیا کے امن کو یقینی بنانے کے لئے دی ہیں اور مسلمان تو موت سے ویسے بھی نہیں ڈرتالہٰذا ٹرمپ کی گیڈر دھمکیاں بہادر پاکستانی قوم کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتی اس لئے اس وقت ملکی اتفاق و اتحاد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے اور جس کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور موجودہ ملکی صورتِ کے پیش نظر قومی یکجہتی و سلامتی کو درپیش خطرات کے تناظر میں فوری ”ہنگامی آل پاکستان قومی کانفرنس “کا انعقاد کرے گی جس میں سیاسی و سماجی اکابرین کو دعوت دی جائے گی اور باہمی مشاورت کے بعد ایک علامیہ جاری کیا جائے گا اور ملک کی سلامتی کو درپیش قومی اور بین الاقوامی سازشوں اور کرداروں کو ناصرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ ان سے نمٹنے کے لئے بھر پور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

لائیو ٹی وی دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور