نوجوان والدین کو خود پر فخر کرنے کا موقع دیں: مراد علی شاہ کا این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ نوجوان والدین کو خود پر فخر کرنے کا موقع دیں اور خود کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں26ویں کانووکیشن اور1812انجینئرز کے پاسنگ آوٹ بیج کی تقریب منقعد کی گئی، تقریب میں سابق وزیراعلی قائم علی شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ صدارت مرادعلی شاہ نے کی جبکہ سابق وفاقی وزیر اور سینٹر جاوید جبار، اعزازی مہمان تھے۔تقریب کے شر کااور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ طلبہ اپنے تعلیمی ادارے اور اساتذہ کا احترام کریں اور اپنے دوستوں سے رابطے ہموار رکھیں۔یہی نہیں نوجوان اپنے والدین کو خود پر فخر کرنے کا موقع ضرور دیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ گریجویٹس زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں تو یاد رکھیں کہ جو بھی کام کررہے ہیں اس سے محبت ضرور کریں تو کا میابی خود بخود حاصل ہوگی۔
دوسری جانب کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ پچھلی نو دہائیوں سے ہماری جامعہ انجینئرنگ ، آرکیٹکٹس ، پلینرزکمپیوٹر سائنٹس اور سائنس کے دیگر شعبہ جات کے ماہر فراہم کررہی ہے جو کہ ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ تقریب کے اختتام پر 2طالب علموں ڈاکٹرثنا ارشد اورڈاکٹر مرزا محمد علی بیگ کوپی ایچ ڈی کی سند جب کہ24 طالبِ علموں کوگولڈ میڈلز سے نوازاگیا۔