نواز شریف کبھی بھی لاڈلے نہیں رہے اس لئے تو ہر بار ان کو وقت سے پہلے ہی ہٹایا جاتا رہا:پرویز رشید

نواز شریف کبھی بھی لاڈلے نہیں رہے اس لئے تو ہر بار ان کو وقت سے پہلے ہی ہٹایا ...
نواز شریف کبھی بھی لاڈلے نہیں رہے اس لئے تو ہر بار ان کو وقت سے پہلے ہی ہٹایا جاتا رہا:پرویز رشید

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ کے سینٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کبھی بھی کسی کے لاڈلے نہیں رہے اسی وجہ سے تو ان کو عوام کی جانب سے منتخب ہونے کے باوجود اقتدار سے علیحدہ کیا جا تا رہا،احتساب کا عمل منتخب نمائندوں سے شروع ہو کر ان پر ہی ختم ہوجاتا ہے ۔ملک میں لاڈلے تو وہ ہیں جن کو اقبال جرم اوربار،بار بیانات بدلنے کے باوجود کچھ نہیں کہا جاتا۔

نجی چینل ”جیو نیوز“کے پروگرام ”جرگہ“میں گفتگو کرتے ہوئے سینٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، شریف فیملی کے سعودی عرب سے ذاتی تعلقات ہیں ،وہ سعودی حکومت کی دعوت پر وہاں گئے ،کس کو پہلے بلایا اور کسے بعدمیں؟ یہ سوال ہم میزبان سے تو نہیں پو چھ سکتے ۔شریف فیملی کے دورے کے دوران وہاں ملکی اور عالمی معاملات پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جس چیز پر نااہل کیا گیا وہ تو کیس کی بنیاد میںشامل ہی نہیں تھا ،اربوں ،کروڑوں کاشور ڈالا جارہا تھا لیکن نااہلی کس پر آئی؟یہ ایک سیاسی کیس تھا اس کا فیصلہ بھی سیاسی ہی آیا۔انہوں نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کونکالنے کافیصلہ صرف عوام کے پاس ہونا چاہیے بدقسمتی سے ہمارے ہاں کچھ اور ہی نظام رائج ہے ہمارے احتساب صرف منتخب لوگوں پر شروع ہوتا ہے اور انہی پر ختم ہوجاتا ہے ۔پرویز رشید کہتے ہیں پارٹی کے اندر اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں ،شہباز شریف بھی پارٹی اجلاس میں دیگر شرکا کی طرح اپنی بات دلائل سے کرتے ہیں جو متفقہ فیصلہ ہوتا ہے اس پر عمل کیا جاتا ہے ،نواز شریف کی قیادت کے بعدشہباز شریف نے قیادت کرنی ہے یامریم نے اس بات کافیصلہ عوام نے کرنا ہے ،تاہم ہماری پارٹی نے اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ وزیر اعظم کے امیدوار شہباز شریف ہی ہوں گے۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد