وزیر اعظم کے دوروں سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آئیگی،جمشید چیمہ

وزیر اعظم کے دوروں سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آئیگی،جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیرونی دوروں سے ملک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آئے گی ،حکومت بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے اور انشا اللہ پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں سر خرو ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نیک نیتی اور بھرپور جذبے کے ساتھ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں اورانشا اللہ بد خواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ اپوزیشن کو حکومت کی کامیابی سے اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا ہوا نظر آرہا ہے اسی لئے بغیر کسی جواز کے بے بنیاد پراپیگنڈے کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا احتساب جاری رہے گا ۔ پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ والے جو مرضی کر لیں ان کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور انہیں نہ صرف ملک و قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کاحساب دینا ہوگا بلکہ اسے واپس بھی کرنا ہوگا۔جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1