وکلاء کیلئے ہسپتال اور رہائشی کالونی کی منظوری میرا مشن ہے،اعجاز بسراء
لاہور(نامہ نگار)وکلاء برادری کی فلاح و بہبود میرا مشن ہے،لاہور بار کے الیکشن میں کامیابی کے بعد وکلاء بھائیوں کی بہتری کیلئے کاوشوں میں مزید تیزی لاؤں گا،وکلاء کیلئے رہائشی کالونی اور فری ہسپتال بنوانا میری اولین ترجیح ہے ان خیالات کااظہار لاہور بار کے الیکشن میں نائب صدر کے امیدوار اعجاز بسرا نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہیں لیکن ان کو ابھی تک وہ سہولیات نہیں مل سکیں جس کے وہ حقدار ہیں اور میرا سیاست میں آنے کا مقصدہی اپنی برادری کی عزت و توقیر میں اضافہ اور ان کے حقوق کاتحفظ کرنا ہے۔اعجاز بسرا نے کہا اب تک درجنوں معروف اور مضبوط گروپوں نے میری حمایت کااعلان کیا ہے اور جوق در جوق سینئر اور جونیئر وکلاء میرے ساتھ انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں اور انشاء اللہ اس بار اللہ کے فضل سے جیت یقینی نظرآرہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میری تمام وکلاء سے اپیل ہے کہ الیکشن والے دن گھروں سے نکلیں او ر اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے ووٹ ضرورکاسٹ کریں۔اعجاز بسرا نے کہا کہ کامیابی کے بعد بار تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کرکے بار ممبران کے بچوں کے اچھے سکولوں اور یونیورسٹیوں میں رعایت پر داخلے کرانے کے لئے ایک حکمت عملی کے تحت کام کروں گاکیونکہ صحت ،رہائش کی سہولیات کے ساتھ بچوں کی اعلیٰ تعلیم وکلاء کا بھی حق ہے اور ہم یہ حق دلوا کر رہیں گے۔