ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کراچی میں میچز کھیلے گی

ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کراچی میں میچز کھیلے گی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈین ویمن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی مہمان پلیئرز کی آمد26 جنوری کو طے ہے نیشنل سٹیڈیم میں تعمیراتی کام کے سبب تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز ساؤتھ اینڈکلب پرہوں گے ون ڈے سیریز دبئی میں شیڈول ہے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم 26 جنوری کوکراچی پہنچے گی،نیشنل سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کے سبب تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز ساؤتھ اینڈکلب پرکھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریزدبئی کی آئی سی سی اکیڈمی پر شیڈول ہے، مختصر طرزکا پہلا مقابلہ 31 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، یکم فروری کو دوسرا اور 3 فروری کو تیسرا میچ شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں اسی شب دبئی روانہ ہوجائیں گی، جہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 7 فروری کو ہوگا،9 تاریخ کو دوسرا اور 11 فروری کو آخری میچ ہونا ہے۔اگلے دن مہمان ٹیم وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔ ویمنز سیریزکیلیے قومی تربیتی کیمپ 16جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، 24 پلیئرز کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا، غیرملکی کوچ مارک کولزکیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کریں گے، نیشنل سٹیڈیم میں قائم حنیف محمد ہائی پر فارمنس اکیڈمی کے ڈائریکٹر وسابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری نے بتایاکہ کیمپ میں شریک ویمن کرکٹرز اکیڈمی میں قیام کریں گی جس کے لیے بھرپورانتظامات کیے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وسابق ٹیسٹ کرکٹرجلال الدین دیگرسلیکٹرز اورکیمپ کمانڈنٹ کی مشاورت سے حتمی ٹیم کا انتخاب کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی