بھارت کشمیر سے ہاتھ دھو بیٹھا ،فورسز نہتے عوام کو مارنے میں مصروف ، یشونت سہنا

بھارت کشمیر سے ہاتھ دھو بیٹھا ،فورسز نہتے عوام کو مارنے میں مصروف ، یشونت ...

ممبئی/سری نگر آئی این پی (این این آئی)بی جے پی رہنما یشونت سنہا نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، بھارتی فوج صرف کشمیریوں کو مار ر ہی ہے، کشمیری بھارت سے شدید نفرت کرتے ہیں۔ایک انٹرویو میں سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے کہا بھارت نے کشمیر کو کھو دیا ہے، بھارتی فوج صرف اپنی طاقت کی وجہ سے زبردستی وہاں قابض ہے، ہم کشمیر کو کھو نہیں رہے بلکہ کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسائل کو حل کرنے کیلئے صرف فوج پر یقین کر رہا ہے، کوئی اتفاق رائے نہیں، نہ جمہوریت ہے اور نہ ہی انسانیت، لیکن سراسر ظالمانہ طریقہ استعمال کیا جا رہا ہے کہ فوج جتنے کشمیری مار سکتی ہے مار دے۔یشونت سنہا کے مطابق کشمیریوں کے دل میں بھارت کیلئے نفرت نیپالیوں سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے کشمیریوں سے اپنے تعلقات کو تباہ کرلیا ، صرف اٹل بہاری واجپائی کشمیر میں فوج کی بجائے انسانیت کی پالیسی کو مانتے تھے۔دوسری جانبکشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کیلئے اقوام متحدہ کی قرارداد کو 70 سال مکمل ہوگئے لیکن یہ مسئلہ اب بھی حل طلب ہے۔کشمیری حریت رہنما میر واعظ نے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک کے بعد ایک نسل کھو رہے ہیں اور آج بھی جبر و تسلط میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مزید : صفحہ آخر