18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اس کا نقصان پورے ملک کو ہوگا،الیاس بلور

18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اس کا نقصان پورے ملک کو ہوگا،الیاس بلور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما اور سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ بعض ناعاقبت اندیش ٗ مفاد پرست عناصر اور زرد صحافت کے علمبردار بعض ٹی وی اینکر18ویں ترمیم کو متنازعہ اور صوبوں کی فلاح و بہبود کے منافی قرار دینے کے لئے پس پردہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور دو تہائی اکثریت سے سابق پارلیمنٹ میں منظور ہونیوالی 18ویں ترمیم کو اشرافیہ کی پشت پناہی سے ختم کرنے کے درپے ہیں ۔ 18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اس کا نقصان پورے ملک کو ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی چینل میں 18 ویں ترمیم کے موضوع پر نشر ہونیوالے پروگرام پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ملک کے ممتاز سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں 18ویں ترمیم سے قبل تمام سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا اورپورا ایک سال اس پر بحث ہوئی جس میں دونوں ہاؤسز کے نمائندے موجود تھے اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مشاورت اور کمیٹیوں میں بھرپور بحث و مباحثہ کے بعد متفقہ طور پر آئین میں 18ویں ترمیم کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹیوں میں ہر سیاسی جماعت سے 4/4 افراد پیش ہوئے اور انہوں نے صوبوں کو بااختیار بنانے اور اُن کی مالی حالت بہتر بنانے ٗ تعلیم اور صحت سمیت اہم شعبوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کیلئے اپنی رائے دی جس کے بعد پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر آئین میں 18ویں ترمیم کی جس پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے شامل تھا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات کہنا کہ 18ویں ترمیم سے قبل فلور پر بحث نہیں ہوئی یہ بعض ٹی وی اینکر کے ذہن کی اختراع ہے اور وہ اشرافیہ کی سپورٹ سے 18ویں ترمیم کو سبوتاژکرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبائی حقوق کو غضب کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اگر 18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
الیاس بلور

مزید :

صفحہ آخر -