رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی افواہیں درست ثابت ہوگئیں؟

رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی افواہیں درست ثابت ہوگئیں؟

ممبئی (مانیٹر نگ ڈیسک)بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے شوہر کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی جانب اشارہ کیا ہے جس کے بعد ان کی بیماری سے متعلق خبریں ایک بار پھر گرم ہوگئی ہیں۔رشی کپور گزشتہ 3 ماہ سے امریکا میں مقیم ہیں جہاں وہ بیماری کا علاج کرا رہے ہیں جب کہ زیر علاج ہونے کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔ لیجنڈ اداکار کی بیماری سے متعلق متعدد افواہیں سرگرم تھیں لیکن اب ان کی اہلیہ نیتو سنگھ نے اشارتاً رشی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا ہے۔ نیتو سنگھ، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سمیت تمام فیملی نے نئے سال کا جشن رشی کپور کے ساتھ نیویارک میں منایا اور اس خوشی کا اظہار نیتو سنگھ نے مداحوں سے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرکے کیا۔نیتو سنگھ نے فیملی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سال 2019 سب کو مبارک ہو، اس سال کوئی عہد نہیں بلکہ صرف دعائیں ہیں، امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں کینسر محض (سرطان) کی طرح ایک آسمانی برج ہی رہ جائے، نفرت کا پرچار نہ ہو اور غربت کا خاتمہ ہو، ڈھیروں پیار اور خوشیاں اور سب سے ضروری بہترین صحت بھی ہو۔نیو کپور کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں بھی رشی کپور پہلے سے کمزور اور مرجھائے ہوئے نظر آ ئے جس کے بعد ایک بار پھر رشی کپور کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔

مزید : صفحہ آخر