رہنماء جماعت اسلامی چودھری رحمت الٰہی انتقال کر گئے ،منصورہ میں سپردخاک
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)مولانا مودودی کے دیرینہ ساتھی اور میاں طفیل محمد کے دست راست سابق قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان ،سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ،سابق سیکرٹری جنرل،سابق وفاقی وزیر ،جنرل ضیاء الحق کی مجلس شوریٰ کے رکن،تحریک نظام مصطفی کے اہم سرگرم رہنما ،منصورہ لاہور کی آباد کاری کے بانی چودھری رحمت الٰہی 93سال کی عمر میں اللہ کو پیارے ہو گئے ۔ چوہدری رحمت الٰہی سید مودودی کے پٹھان کوٹ (بھارت )کے ساتھیوں میں سے تھے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سابق امیر سید منور حسن، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امراء پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، میاں محمد اسلم ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، پروفیسر محمد ابراہیم ، اسد اللہ بھٹو ، بزرگ رہنما چوہدری محمد اسلم سلیمی ، شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک، ترجمان جماعت اسلامی امیر العظیم ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،محمد انور نیازی سمیت جماعت کے مرکزی رہنماؤں و کارکنان نے چوہدری رحمت الٰہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ چوہدری رحمت الٰہی نے اپنی پوری زندگی ملک میں غلبہ دین اور نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد میں گزار ی ۔ چوہدری رحمت الٰہی مرحوم کی نماز جنازہ منصورہ میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں کارکنوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔ مرحوم کو رات گئے مصطفی ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
چوہدری رحمت الٰہی