ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،سردی بڑھ گئی، مری میں برفباری
اسلام آباد /لاہور /پشاور /پاراچنار(آئی این پی ) اسلام آباد ،لاہور ،پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی، مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاح بڑی تعداد میں امڈ آئے، باجوڑ میں بجلی بند،کسان بارش سے خشک سالی ختم ہونے پر خوش، پارا چنار، کالام سمیت بالائی علاقوں میں شدید برف باری،پہاڑی علاقوں بنشاہی اور شاہی وغیرہ پر شدید برف باری سے دیر پائیں تا افغانستان و دیر بالا شاہراہ بند ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور وزیرآباد، شیخوپورہ اور سانگلہ ہل میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ پھالیہ، بھلوال، چنیوٹ مرید کے، گجرات اور گردونواح میں بارش سے خنکی بڑھ گئی۔ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، منچلے موسم انجوائے کرنے پہنچ گئے، جس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں، سکردو، ناران، شوگران میں برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، شگر میں ایک فٹ تک برف پڑی، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بارش ہوئی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا۔
بارش