(ن) لیگ قیادت کو ناکردہ گناہوں کی سزادی جارہی ہے، عبد القادر بلوچ

(ن) لیگ قیادت کو ناکردہ گناہوں کی سزادی جارہی ہے، عبد القادر بلوچ

کوئٹہ(اے این این) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف پر آج تک یہ ثابت نہیں ہوا کہ انہوں نے کہاں اور کتنے کی کرپشن کی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پارٹی قائدین کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے پروگرام ’’حال احوال ‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ اور ڈپٹی میئر کوئٹہ محمدیونس بلوچ بھی موجود تھے۔جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ2018ء کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی تحریک انصاف کی حکومت کو اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اپنے تعاون کا یقین دلایاتھا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کو معاشی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کی یقین دہانی کرائی تھی بلاول بھٹو زرداری نے بھی قومی اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہوکر اپوزیشن کی طرف سے مثبت کردار کی یقین دہانی کرائی مگر بدقسمتی سے تحریک انصاف کے قائدین اور انکی معاشی ٹیم کو اپنی قابلیت پر زیادہ اعتماد ہے آج تک اپوزیشن کی تجاویز کو اہمیت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے سے مہنگائی کے امڈ آنے والے طوفان پر حکومت قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ،حکومت تمام مسائل کو ایک طرف رکھ کر نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں کرپشن کا ڈھول پیٹ رہی ہے جس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے حکومت بیرون ملک یہ تاثر دے رہی ہے کہ پاکستان میں سب کرپٹ ہیں حکومت کے اس عمل سے بیرون ملک موجود سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چھوڑ دی ہے اگر نیب کے پاس کسی کے خلاف درخواست آجاتی ہے تواسی وقت اخبارات اور ٹی وی کی خبر بن جاتی ہے۔

عبد القادر بلوچ

مزید : کراچی صفحہ اول