پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے 6ارب 20کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کو حتمی شکل دیدی

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے 6ارب 20کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کو حتمی شکل ...

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تقریباً 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دیدی،پاکستان کو درپیش ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے یو اے ای کے ولی عہد آج اتوار کو پاکستان کا دورہ کریں گے اور سپورٹ پیکیج کا اعلان بھی متوقع ہے۔سپورٹ پیکیج کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے ایک رکن نے بتایا کہ پیکیج میں 3 ارب ڈالر نقد جمع کرانے کے علاوہ موخر ادائیگیوں پر 3 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کے تیل کی فراہمی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے پیکیج کی شرائط و ضوابط اور سائز بالکل ویسا ہی ہے جیسا سعودی عرب کی جانب سے دیا گیا تھا۔وفاقی کابینہ کے رکن نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے موخر ادائیگیوں پر الگ الگ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کے تیل کی ادائیگی اور بین الاقوامی اسلامک تجارتی فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) سے ٹریڈ فنانس کے ڈیڑھ ارب ڈالر شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے مجموعی مالی امداد اور آئی ایف ٹی سی کی ٹریڈ فنانس کی رقم اس وقت 13 ارب 90 کروڑ ڈالر سے 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے 3، 3 ارب ڈالر نقد جمع کرائے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں کابینہ کے رکن نے بتایا کہ پاکستان جیو پولیٹیکل وجوہات کیلئے دو طرفہ تعلقات پر سمجھوتہ کیے بغیر دوست اسلامی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات گہرے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے ولی عہد آج 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

یو اے ای /سپورٹ پیکیج

مزید : کراچی صفحہ اول