افغانستان :ملک میں90فیصد واقعات کی ذمہ داری امریکہ اور افغان فورسز پر ہے ،طالبان

افغانستان :ملک میں90فیصد واقعات کی ذمہ داری امریکہ اور افغان فورسز پر ہے ...

کابل(این این آئی)افغان طالبان نے 2018 میں ہونے والے خون ریز واقعات سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 90 فیصد واقعات کی ذمہ داری امریکا اور افغان فورسز پر عائد ہوتی ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری ہونے والی (بقیہ نمبر21صفحہ12پر )

سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ برس مجموعی طور پر 4 ہزار 170 شہری متاثر ہوئے جن میں سے 2 ہزار 294 افراد جاں بحق اور 1876 افراد زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ طالبان اپنی سالانہ رپورٹ عینی شاہدین اور بنیادی ذرائع کے حوالے سے ترتیب دیتے ہیں۔طالبان نے اپنے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکا اور کٹھ پتلی افغان حکومتی فورسز کی کارروائیوں سے 3 ہزار 705 افراد متاثر ہوئے جبکہ 465 افراد کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ اور دیگر نامعلوم گروہوں کے سر جاتا ہے۔افغانستان میں موجود نیٹو مشن نے ان اعداد وشمار کو پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا جبکہ افغانستان میں گزشتہ برس ریکارڈ خون ریز واقعات پیش آئے جس کے حوالے بعض ماہرین کا خیال ہے کہ افغانستان نے 2018 میں بدترین واقعات میں شام کو پیچھے چھوڑ دیا۔نیٹو سپورٹ مشن کا کہنا تھا کہ طالبان افغان شہریوں کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔نیٹو مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محض گزشتہ چند ماہ کے دوران طالبان نے اپنے ملک کے شہریوں کے خلاف مظالم ڈھائے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے معاون مشن کی جانب سے 2018 کے ابتدائی 9 ماہ میں ہونے والے جانی نقصان کے حوالے سے جاری کیے گئے اعداد و شمار اور طالبان کی رپورٹ میں تقریباً 50 فیصد کا فرق ہے

مزید : ملتان صفحہ آخر