ہم مشترکہ کھاتہ توڑ رہے ہیں،کھوکھر پیلس خالی کریں، سپریم کورٹ کا کھوکھر برادران کیخلاف کارروائی کا حکم

ہم مشترکہ کھاتہ توڑ رہے ہیں،کھوکھر پیلس خالی کریں، سپریم کورٹ کا کھوکھر ...
ہم مشترکہ کھاتہ توڑ رہے ہیں،کھوکھر پیلس خالی کریں، سپریم کورٹ کا کھوکھر برادران کیخلاف کارروائی کا حکم

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے کھوکھر برادران کی طرف سے شہریوں کی جائیدادوں پر قبضوں کیخلاف کیس میں اینٹی کرپشن کو رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہم مشترکہ کھاتہ توڑ رہے ہیں، کھوکھر پیلس خالی کریں اور سامان اٹھا لیں ،کھوکھر پیلس میں کوئی تعلیمی ادارہ قائم کروا دیتے ہیں ،پاکستان میں یہ بدمعاشی نہیں چلنے نہیں دوں گا،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کھوکھر برادران کی مرضی کےخلاف وہاں مکھی بھی پر نہیں مار سکتی ،ایسے لوگوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے کھوکھر برادران کی طرف سے شہریوں کی جائیدادوں پر قبضوں کیخلاف کیس کی سماعت کی،ڈی جی اینٹی کرپشن نے کھوکھر برادران کی جائیداد بارے رپورٹ جمع کرا دی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھوکھرپیلس میں شامل 40 کنال سرکاری اراضی پرقبضہ ہے،کھوکھربرادران نے 10 میں سے ایک شخص کوادائیگی کی،ڈی جی اینٹی کرپشن نے عدالت کو بتایا کہ کھوکھربرادران نے آپ کی ریٹائرمنٹ تک ضمانت کروا رکھی ہے،انہیں یہ تاثر ہے آپ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کوئی نہیں پوچھے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم مشترکہ کھاتہ توڑ رہے،آپ کھوکھر پیلس خالی کریں اورسامان اٹھا لیں ،کھوکھر پیلس میں کوئی تعلیمی ادارہ قائم کروا دیتے ہیں ۔

چیف جسٹس پاکستا نے کہا کہ پاکستان میں یہ بدمعاشی نہیں چلنے نہیں دوں گا،کھوکھر برادران کی مرضی کے خلاف وہاں مکھی بھی پر نہیں مار سکتی ، ایسے لوگوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے ۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ جو آنکھیں جھکائے کھڑے ہیں مجھے پتہ ہے انہوں نے بعد میں میرے ساتھ کیا کرنا ہے ،اینٹی کرپشن مقدمے درج کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے،وکیل کھوکھر برادران نے کہا کہ ہم بے قصورہیں، قبضوں کے کلچر کی وجہ سے سارا الزام ہم پر آ رہا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ قبضے کا کلچر کھوکھر برادران نے متعارف کروایا ہے ،اینٹی کرپشن کھوکھر پیلس سے قبضہ ختم کروا کر10 دن میں رپورٹ پیش کرے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور