کراچی میں سکول وین میں آگ لگنے کا مقدمہ درج

کراچی میں سکول وین میں آگ لگنے کا مقدمہ درج
کراچی میں سکول وین میں آگ لگنے کا مقدمہ درج

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی میں سکول وین میں آگ لگنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، زخمی بچے کے والد کی مدعیت میں گاڑی کے ڈرائیور کو نامزد کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سکول وین میں آتشزدگی سے بچوں کے جھلسنے کا معاملے پر وین ڈرائیور کے خلاف زخمیوں میں شامل بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمے میں وین ڈرائیور رشید کو نامزد کیا گیا اور غفلت اور لاپرواہی کی دفعات لگائی گئیں ۔دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ نے تعلیمی اداروں میں چلنے والی تمام گاڑیوں کو کمرشلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق تمام گاڑیوں کا ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اختر غوری نے کہا کہ سکول وین پرائیویٹ ہیں اس لئے ان کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں ، تعلیمی اداروں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کو روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز  کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون قطر ہسپتال کے قریب سکول وین میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے 14 بچے جھلس گئے تھے جبکہ وین ڈرائیورمحفوظ رہا۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت طلبہ کو وین سے نکالا، معمولی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 5 بچوں کو سول ہسپتال کے برنس وارڈ لایا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی