مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو کچھ کر رہا ہے اسے میڈیا بے نقاب کرے:سردار مسعود راجہ فاروق حیدر

مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو کچھ کر رہا ہے اسے میڈیا بے نقاب کرے:سردار مسعود ...

  



مظفرآباد (این این آئی)صدرآزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ قلم، کمپیوٹر اور کیمرہ کی طاقت کو کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے اور معاشرے سے برائیوں کے خاتمہ کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اور بھارت کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اسے بے نقاب کرنا مقامی، علاقائی، قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمارے صحافی بھائیوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں ہمیشہ سر فہرست رکھا ہے جو نہایت اطمینان بخش بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آزاد کشمیر کے بڑے صحافتی ادارے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کی نو منتخب انتظامیہ کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کیا۔ صدر ریاست نے کہا کہ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد گزشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے آزادکشمیر میں بامقصد صحافت کے فروغ، اہم قومی مسائل کو اجاگر کرنے اور خاص طور پر تحریک آزادی کشمیر کو تقویت پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ادارے کی نئی انتظامیہ عامل صحافیوں کے مسائل حل کرانے کے ساتھ ساتھ پریس کلب کی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اور حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھ کر مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے اور بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ صدر آزادکشمیر نے سنٹرل پریس کلب کے نو منتخب صدر سجاد احمد میر، سینئر نائب صدر بشارت مغل، نائب صدر نصیر اعوان، سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ثاقب علی حیدری، سیکرٹری مالیات انصر خوانہ، سیکرٹری اطلاعات اذکار نقوی اور جائنٹ سیکرٹری راجہ اعجاز کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

صدر آزاد کشمیر

مزید : علاقائی