آرمی ایکٹ ترمیمی بل میں کوئی ابہام نہیں،منگل کو منظورہوجائیگا،رانا تنویر 

 آرمی ایکٹ ترمیمی بل میں کوئی ابہام نہیں،منگل کو منظورہوجائیگا،رانا تنویر 

  



مریدکے (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے آرمی ایکٹ ترمیمی بل میں کوئی ابہام نہیں،حکومت ہفتہ کے روز اسے منظور کروانا چاہتی تھی لیکن ہم نے انکار کردیا کہ پارلیمانی طریقہ اپنایا جائے،منگل کو یہ بل منظور ہوجائے گا۔مریدکے میں سابق کونسلر ملک اشرف اور ملک رشید کے ڈیرہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آرمی ایکٹ پر نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عمل کیا جارہا ہے انکی ہدایات ہیں کہ پارلیمانی طریقہ سے آرمی ایکٹ منظور کروایا جائے اورمنگل کو منظور ہوجائے گا۔انہوں نے کہا حکومت میں آدھے سے زیادہ نیب زادے بیٹھے ہیں جن کو آج تک نیب نے نہیں پوچھا،اس لئے نیب کو کہا ہے وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش ہوکر جواب دے کہ اپوزیشن کے علاوہ آج تک کسی اور کیخلاف بھی کاروائی کی ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی پورے خطے بالخصوص پاکستان کیلئے بہت تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس کے پاکستان پر سیاسی،معاشی اور مذہبی اعتبار سے اثرات مرتب ہونگے،پاکستان کو چاہیے کشیدگی کو ختم کروانے میں کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا حکومتی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے،کشمیر ایشو پر حکومت کے چھوٹے موٹے بیانات کے علاوہ کچھ دیکھنے میں نہیں آرہا،ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان نے دورہ امریکہ پر کشمیر کے متعلق معاملات طے کرلئے ہیں۔

رانا تنویر

مزید : علاقائی