غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کی ریلی پر فائرنگ،متعدد زخمی

  غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کی ریلی پر فائرنگ،متعدد زخمی

  



نابلس (صباح نیوز)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں یہودی آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج کی طرف سے حملے کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔مقامی سماجی کارکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے ریلی نکالی۔ فلسطینی 16 سال سے بند ایک شاہراہ کے کھولے جانے اور یہودی آباد کاری کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ریلی کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج کیا اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔مراد اشتیوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کو موقع پرطبی امداد فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کی شیلنگ، صوتی بموں کا استعمال، دھاتی گولیوں کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔اشتیوی   نے کہا  کہ شدید بارش کے باوجود سیکڑوں فلسطینیوں نے ریلی میں شرکت کی۔

مزید : علاقائی