سی پیک کی جلد تکمیل سے80فیصد بیروز گاری ختم ہو سکتی ہے‘ خواجہ حبیب

 سی پیک کی جلد تکمیل سے80فیصد بیروز گاری ختم ہو سکتی ہے‘ خواجہ حبیب

  



لاہور(این این آئی)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ اگر سی پیک کا منصوبہ جلد از جلد مکمل ہوجائے تو ملک سے80فیصد بیروز گاری ختم ہو سکتی ہے،سی پیک کی جلد از جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس کے ساتھ اس کے منصوبے سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے استعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجر نمائندوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر خواجہ عطاالرحمان،خواجہ ضیاالرحمان اور حاجی یامین بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے اور اس کے لئے حکومت اور اپوزیشن مل کر چلے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس آمدن میں اضافہ نہ ہونے کی وجوہات تلاش کرے،ٹیکس کی شرح میں کمی اور وصولی کا نظام اتناآسان بنایا جائے کہ لوگ از خود ٹیکس ادا کریں، تاجروں کو ٹیکس معاملات میں مناسب سہولیات ملنی چاہئیں او ر انہیں بھی دوسرے شعبو کی طرح مراعات دی جانی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بہتر ہوگا کہ ہم کم از کم50فیصد پٹرولیم مصنوعات ایران سے درآمد کریں، اس وقت ایرانی ڈیزل 62روپے لٹر دستیاب ہے اگر حکومت سرکاری طور پر ایرانی ڈیزل اور پٹرولیم مصنوعات درآمد کرے تو عوام کو سستا ڈیزل اور پیٹرول فراہم کیا جا سکتا ہے جس سے مہنگائی میں زبردست کمی آئے گی۔

مزید : کامرس


loading...