زرعی ترقی معیشت میں بہتری اور استحکام کی ضمانت‘ واصف خورشید

زرعی ترقی معیشت میں بہتری اور استحکام کی ضمانت‘ واصف خورشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اوکاڑہ(یو این پی) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ زرعی ترقی ملکی معیشت میں بہتری اور استحکام کی ضمانت ہے۔ زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے اقدامات موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300  ارب روپے کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے جس سے اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری منصوبوں کی پیشرفت کے سلسلہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ زرعی ترقی کے منصوبوں میں کسانوں کے مفاد اور شفافیت کو معیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح کیلئے جاری منصوبوں کی تکمیل اور سبسڈی سکیموں کی فراہمی میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور ان کی تکمیل کیلئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کیلئے متعدد سبسڈی سکیمیں جاری ہیں جن پر عملدرآمد کیلئے فیاضانہ مالی وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان نے 117 کلو میٹر طویل جلال پور اریگیشن کینال کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جلال پور اریگیشن کینال منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے 4 سال کے عرصہ میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا جس پر 32 ارب 72 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس نہر کی تکمیل سے 80 سے زائد دیہاتوں کے ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ بارانی رقبے کو نہری پانی فراہم ہوگا۔ اس منصوبہ سے قریباً 4 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔ اس تاریخی منصوبہ کے ذریعے وسیع رقبے کو سیراب کرنے کیلئے 30 رابطہ نہروں سمیت 16 برساتی نالوں کی تعمیر بھی کی جائے گی جس سے بارانی علاقوں کی بنجر زمین کو نہری پانی سے سیراب کرکے قابل کاشت بنایا جائے گا۔ اس حکومتی اقدام سے ان علاقوں کی زراعت میں انقلاب اور مثالی ترقی ہوگی جس سے زرعی پیداوار اور کاشتکاروں کے منافع میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کسان دوست منصوبوں اور سبسڈی سکیموں سے کاشتکار بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اور اہم فصلوں کے پیداواری اہداف حاصل کرنے میں کامیابی سے نہ صرف کاشتکاروں کی انفرادی آمدن اور منافع میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ 

مزید :

کامرس -