سستے اتوار بازاروں میں 80والا ٹماٹر 150،لہسن 300روپے میں فروخت،صارفین پریشان

سستے اتوار بازاروں میں 80والا ٹماٹر 150،لہسن 300روپے میں فروخت،صارفین پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اپنے نمائندے سے) سستے اتوار بازار افادیت کھونے لگے۔ سرکاری دعوؤں کے مطابق 80 روپے فی کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر آج 150 روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے۔ پیاز کی ملک میں کھپت کے باوجود ہمسایہ ممالک کو فروخت کے باعث نرخ کم نہ ہوسکے۔ شادمان جیسے اہم اتوار بازار کا کنٹرول خلاف ضابطہ وائرلیس آپریٹر کے حوالے کرنے سے معاملات تباہی کا رخ اختیار کررہے ہیں۔ دکانداروں سے ہفتہ بھر کی مفت سبزیاں پھل کے حصول کے بعد گراں فروشی کا بازار گرم رہا۔ بھتہ خوری کے لئے اکثریتی سٹالز ہولڈر کو علیحدہ کرکے غیر قانونی بازار قائم کردیا گیا۔سبزی منڈیوں میں سرکاری نرخنامے نظر انداز کر دیئے گئے، دکانداروں کے من مانے ریٹ ٹماٹر150 روپے کلو تک بکنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق لہسن 250 کے بجائے 300 روپے کلو فروخت، سبز مرچ 150 کی بجائے 190 روپے کلو میں سیل ہو رہی ہے۔ پیاز 53 کے بجائے 90 روپے کلو بیچا جانے لگا۔ مرغی کا گوشت بھی سستا نہ ہوسکا۔ برائلر کی قیمت 205 روپے فی کلو پر برقرارہے۔ شہری مہنگائی سے پریشان حال ہیں۔اتوار بازار میں پھلوں کے ریٹس فلوٹر 100 روپے درجن، کیلا 110روپے درجن، سیب 200 روپے کلو، امرود100روپے کلو، مسمی 80روپے درجن ، انار200روپے کلو، سبزیوں کے ریٹس پالک 18، میتھی 38، شلجم سفید 25، گھیا کدو30، گاجر38، سن گول 34 ماڑو30، مٹر78، کریلے52، بیگن گول 34، کھیرا 46، پھول گوبھی 40، مونگرے 80، لال مولی 20 روپے، دھنیا 35روپے، سلاد10، پودینہ 10، چقندر 40، اتوار بازار میں فروخت ہو رہے تھے۔ سستی خریداری کیلئے اتوار بازاروں میں آنیوالے شہری بھی مایوس ہیں اور ان کاکہنا ہے کہ انتظامیہ کو چاہیے کے کم ازکم اتوار بازاروں میں سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔