پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد:بھارت شرکت کا حتمی فیصلہ جون میں متوقع

پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد:بھارت شرکت کا حتمی فیصلہ جون میں متوقع

  



دہلی(آئی این پی) ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ جون میں متوقع ہے،ستمبر میں شیڈول ایونٹ تاحال سالانہ کیلنڈر میں شامل ہے،میزبانی پاکستان کرے گا۔دسمبر 2018میں ہونے والے اے سی سی اجلاس میں 6ملکی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بھارت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیے جانے کے باوجود گذشتہ سال اکتوبر میں ہونے والی میٹنگ میں بھی اس فیصلے کی توثیق کردی گئی۔پاکستان سے باہمی سیریز کے معاملے میں بار بار حکومتی اجازت نہ ملنے کا جواز دینے والے بھارتی بورڈ نے رواں سال کے کیلنڈر میں ایشیا کپ کو بھی شامل رکھا، البتہ ساتھ یہ واضح بھی کیاگیا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے اس ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے ابھی تک صورتحال واضح نہیں، بی سی سی آئی حکام ابھی تک مقابلے نیوٹرل وینیو پر ہونے کی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق جون میں شیڈول بورڈ کے اہم اجلاس میں ایشیا کپ کیلئے ٹیم بھجوانے کا معاملہ زیر غور آئے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدوں پر تنا سمیت کشیدہ سیاسی صورتحال میں اس بات کے بہت امکانات کم ہیں کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے کے لیے یہاں آئے۔یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار ایشیائی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز 2008میں پایا تھا،یہ ملک میں آخری انٹرنیشنل ایونٹ بھی ثابت ہوا،سری لنکن ٹیم پر 2009 میں حملے کے بعد اب غیر ملکی ٹیموں کی آمد تو شروع ہوگئی،البتہ کوئی کثیر ملکی ٹورنامنٹ نہیں ہوا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی