ڈائمنڈ پینٹس پولو کپ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بی این پولو ٹیم نے جیت لیا

ڈائمنڈ پینٹس پولو کپ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بی این پولو ٹیم نے جیت لیا

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ڈائمنڈ پینٹس پولو کپ برائے چیمپئنز ٹرافی 2020ء  کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد بی این پولو ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 8-7 سے ایف جی پولو ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس بلیک نے باڑیز کو 5-2.5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائمنڈ پینٹس پولو کپ برائے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے صبیحہ ثمن اور سی ای او ڈائمنڈ پینٹس میر شعیب احمد تھے۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ فائنل میچ کافی دلچسپ رہا۔ بی این پولو ٹیم نے تین گول کرکے برتری حاصل کی مگرایف جی پولو کی ٹیم نے چار گول کرکے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ پھر تیسرے چکر کے اختتام پر ایف جی پولو ٹیم کو 6-5 سے برتری حاصل تھی۔چوتھے چکر میں بی این ٹیم نے تین گول کرکے میچ جیت لیا۔ بی این پولو ٹیم کی طرف سے تمام آٹھوں گول الوکیو سیلسٹینو نے سکور کیے جبکہ ایف جی پولو کی طرف سے میاں عباس مختار اور ٹام بروڈی نے تین تین جبکہ میجر حسیب منہاس نے ایک گول سکور کیا۔قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس بلیک نے باڑیز کو 5-2.5 سے ہرا دیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے مینول ایڈورڈ کرانزا اور احمد علی ٹوانہ نے دو دو جبکہ صوفی محمد ہارون نے ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے دونوں گول ارینسٹو ٹروٹز نے سکور کیے جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ اختتامی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے میر شعیب احمد کا کہنا تھا کہ 1982ء میں ڈائمنڈ پینٹس نے کام کا آغاز کیا اور گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کا نیشنل قومی برانڈ ہے۔ بطور سپانسر ادارہ ہم جب موقع ملتا ہے سپورٹس کو سپانسر کرتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...