ذوالفقارعلی بھٹو نے عوام کو طاقتور بنانے کی جدوجہد کی،بلاول
کراچی(این این آئی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ناناسابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید بھٹو قائداعظم کے بعد واحد رہنما تھے جنہوں نے عوام کو طاقتور بنانے کی جدوجہد کی،تاریخ اپنا فیصلہ شہید بھٹو کے حق میں سنا چکی ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ پراپنے پیغام میں بلاول نے کہا کہ شہید بھٹو کی میراث ان کا نام یا شخصیت نہیں بلکہ ان کا بائیں بازو کا نظریہ تھا۔ جنہوں نے اختیارات عوام کو منتقل کرنے والی تحریک کی قیادت کی۔ اس سیاسی میراث کو بدنام کرنے و الی رجعت پسند قوتوں کو گزشتہ 40سالوں سے منہ کی کھانا پڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو نے پاکستان کو جوہری پروگرام دے کر ملک کے خلاف ہر قسم کی بیرونی مہم جوئی کا سدباب کیا۔ اس کے علاوہ ٹریڈ یونینز قائم کرنے کی اجازت دی اور مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیااور مزدوروں کو انتظامی اسٹیک ہولڈر بناکر آواز دی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستانیوں کے حقوق و تمام آزادیوں کی محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی۔
بلاول بھٹو