رائیونڈ،سینئر صحافی امتیاز عالم کے گھر میں 20لاکھ مالیت کی ڈکیتی

رائیونڈ،سینئر صحافی امتیاز عالم کے گھر میں 20لاکھ مالیت کی ڈکیتی

  



لاہور (کرائم رپورٹر) نیا سال شروع ہوتے ہی ڈکیتوں کی لاہور پولیس کو تین بڑی سلامیاں، ڈاکو اسلحے کی نوک پر شہریوں کے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار، پولیس ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام، گزشتہ روز رائیونڈ کے علاقے میں بھی سینیئر صحافی امتیازعالم کے گھر میں چھ ڈاکوؤں نے واردات کی۔تازہ ترین واقعہ میں چھٹی کے روزڈاکوؤں نے سینئر صحافی امتیاز عالم کے گھر کا رخ کیا۔ جہاں اہلخانہ کو یرغمال بنا کر بیس لاکھ روپے نقدی، تیس تولہ سونا، پندرہ ہزار امریکی ڈالر، پانچ ہزار برطانوی پاؤنڈ اور ہیرے کی دو انگوٹھیاں لوٹ کرفرار ہوگئے۔ امتیاز عالم کی اہلیہ نے تین ملزموں کی شناخت بھی کرلی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے سینئر صحافی امتیاز عالم کے گھر ڈکیتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورواقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ڈکیتی کے ملزمان کا سراغ لگا کر فی الفور قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے لاہور میں ڈکیتی کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔شہر میں پہلے پانچ روز کے دوران ڈکیتی کی تین بڑی وارداتوں نے لاہور پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ سال کی پہلی بڑی ڈکیتی تھانہ مناواں کی حدود یکم جنوری کو ہوئی جہاں شہری کے گھر سے ڈاکو نے سوا کروڑ روپے مالیت کا ڈیڑھ سو تولہ سونا اور اٹھائیس لاکھ روپے نقدی لوٹی۔ پولیس تاحال تینوں وارداتوں کا ایک بھی ملزم گرفتار نہیں کر سکی۔دارالحکومت میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، کا سامان اور نقدی چھین لی گئی۔ ڈیفنس سی کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے حبیب احمد کے گھر سے8لاکھ، زیورات اور دیگر سامان،چوہنگ میں ڈاکوؤں نے عابد کے گھر سے  6لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، نوانکوٹ میں ڈاکوؤں نے طاہر کے گھر سے5لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، گجر پورہ میں ڈاکوؤں نے فاروق کے گھر سے4لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، کوٹ لکھپت میں ڈاکوؤں نے مقصود کے گھر سے اڑھائی لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، نشتر کالونی میں ڈاکوؤں نے افضال کے گھر سے دو لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، ملت پارک میں ڈاکوؤں نے نعمان کی فیملی سے ایک لاکھ، زیورات اور دیگر سامان، جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے خالد کی فیملی سے ایک لاکھ، موبائل فون اور دیگر سامان، گڑھی شاہو میں ڈاکوؤں نے نعیم کی فیملی سے ایک لاکھ، زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔ فیکٹری ایریا اور اقبال ٹاؤن سے گاڑیاں جبکہ قلعہ گجر سنگھ، اسلام پورہ، لٹن روڈ، مزنگ، وحدت کالونی اور غازی  آباد سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...