پنجاب: 32 بڑے ہوٹلوں کی چیکنگ‘ ایک سیل‘ 5 کوبھاری جرمانے

 پنجاب: 32 بڑے ہوٹلوں کی چیکنگ‘ ایک سیل‘ 5 کوبھاری جرمانے

  



ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایک ہی معیار، چھوٹے بڑے کاروبار پر قوانین کا یکساں نفاذ۔۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے 32 بڑے ہوٹلوں کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر ایک ہوٹل سیل جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 5 کوبھاری جرمانے عائد کیے گئے۔لاہورمیں 11، فیصل آباد 3، راولپنڈی 5، گجرانوالہ 5،سیالکوٹ 3(بقیہ نمبر46صفحہ12پر) جبکہ جنوبی پنجاب میں 5ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی گئی۔ زائدالمیعاد مشروبات، کھلے ملاوٹی مصالحہ جات کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پررائل سن ہوٹل کاکچن سیل کیا۔اسی طرح گلی  سڑی سبزیوں کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 5معروف ہوٹلز کوبھاری جرمانے عائد کیے گئے۔مزید برآں معمولی نقائص پر مزید بہتری کے لیے 25ہوٹلوں کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ بیوریجز،بریڈ اور مضر صحت اشیاء برآمد کر کے تلف کر دی گئیں۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ہوٹلوں کے انتظامات میں بہتری پنجاب فوڈاتھارٹی کے موثر اقدامات کا نتیجہ ہے۔تسلسل کے ساتھ کارروائیوں اور ٹریننگ سکولوں کے قیام سے انڈسٹری میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور میرٹ پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر