ایرانی جنرل کی ہلاکت‘ امریکی دہشت گردی پر ملتان سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے
ملتان‘ خانیوال‘ ڈیرہ‘ مظفر گڑھ (سٹی رپورٹر‘ نمائندہ پاکستان‘ نامہ نگار‘ ڈسٹرکٹ بیو رو رپورٹ‘نمائندہ خصوصی) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام چوک نواں شہر پر علامتی دھرنا دیا گیا، اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی(بقیہ نمبر50صفحہ12پر)، علامتی دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر نے کی۔ علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بزدلانہ کاروائی کرکے خطہ کو خطرے میں ڈال دیا ہے، عالمی اداروں کی جانب سے امریکہ کی حمایت اور اور اس کاروائی پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے، امریکہ عالم اسلام کا بدترین اورمکار دشمن ہے، اُسے جب بھی موقع ملا اس نے اُمت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، امریکی دوستی کو بدترین دشمنی میں بدلتے ہوئے مسلمان حکمرانوں نے متعدد بار دیکھا ہے، عالم اسلام کو اپنی بقاء اور سالمیت کے لیے امریکی حصار سے باہر نکلنا ہوگا، مقامات مقدسہ کی حفاطت کرنے والے شہید قاسم سلیمانی اُمت مسلمہ کے عظیم ہیرو تھے، امریکہ نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ دور کرنے کے لیے انہیں شہید کیا، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر نے کہا کہ امریکہ کا یہ بزدلانہ فعل امریکہ کی نابودی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، اس وقت عالم اسلام کو متحدہونے کی ضرورت ہے، امریکی بلاک میں جو بھی مسلمان ملک شامل رہا اسے اسلامی مفادات کا دشمن سمجھا جائے گا، حتجاجی ریلی میں ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، سید طالب حسین پرواز، زوار حسین بسمل، عاطف حسین، سید منظر عبا س زیدی، جواد مصطفی، فخر نسیم، ڈاکٹر غضنفر ملک، الطاف حسین، حاجی اظہر عباس، سمیت شہر کی دیگر تنظیموں کے قائدیں نے بھی شرکت اور خطاب کیا اور آخر میں امریکی پرچم اور صدر ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ جنرل سلیمانی پر امریکی حملہ عالمی دہشت گردی ہے امریکہ کو نتائج بھگتنا ہوں گئے۔ان خیالات کا اظہار ممبر پنجاب اسمبلی حاجی نشاط احمد خان ڈاھا نے اپنے ایک بیان میں کیا۔اُنہوں نے کہا کہ القدایرانی فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ ایرانی داخلہ اُمور میں کھلی مداخلت اور دہشت گردی ہے۔اس واقع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس موقع پر تمام اسلامی ممالک کومتحدہ ہوکر اس دہشت گردی کا منہ توڑ جوابدینا چا ہئے۔ ڈیرہ میں : وحدت المسلمین خواتین ونگ کے زیر اہتمام ایرانی سپہ سالار کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تفصیل کے مطابق وحدت المسلمین خواتین ونگ کے زیر اہتمام امریکہ کی طرف سے ڈرون حملہ میں شہید ہونے والے ایرانی سپہ سالار قاسم سلیمانی کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی بلاک 31 سے شروع ہوئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ٹریفک چوک پہنچی ریلی میں درجنوں مرد وخواتین نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے احتجاج میں موجود خواتین کا کہنا تھا کہ امریکہ اسلام دشمن ملک ہے وہ ایک بہت بڑا دہشت گرد ہے وہ عالم اسلام کا امن خراب کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید احمد دستی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امریکہ کھلی دہشت گردی کر رہا ہے اور عالم اسلام کی خاموشی شرمناک ہے، امریکہ نے اپنے مفادات کے لئے شیعہ سنی اور دیگر مسالک کو آپس میں لڑایا جس سے ثابت ہو گیا امریکہ پورے عالم اسلام کا مشترکہ دشمن ہے
دھرنا /مظاہرے