قتل ہونے والے رویندر سنگھ کے قتل کی تحقیقات کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل
پشاور(کرائم رپورٹر) کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ چمکنی کی حدود میں قتل ہونے والے رویندر سنگھ کے قتل کی تحقیقات کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی, اس سے قبل قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام نے ہسپتال اور بعد ازاں جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں، مبینہ طور پر مقتول کے بھائی کو ملزمان کی جانب سے فون کال موصول ہوئی تھی جس میں ملزمان نے رقم کا تقاضہ کرتے ہوئے رقم نہ ملنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی، تاہم لین دین سمیت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کر دی گئی ہے،سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے واضح کیا ہے کہ حالیہ واقعہ میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جن کو واردات کے محرکات سمیت ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ مبینہ فون کال کو سامنے رکھتے ہوئے لین دین سمیت دیگر تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے جامع تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور عنقریب ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا