موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ جنوبی اضلاع پر مرکوز ہے:تیمور سلیم جھگڑا

موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ جنوبی اضلاع پر مرکوز ہے:تیمور سلیم جھگڑا

  



پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوہاٹ ڈویژن کے عوامی نمائندوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت کوہاٹ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی پر مشتمل وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس محکمہ داخلہ پشاورمیں منعقد کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان،رکن صوبائی اسمبلی میاں نثار گل کاکا خیل،ظفر اعظم،ملک شاہ داد خان کے علاوہ سیکرٹری محکمہ داخلہ اکرام االلہ خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے علاقے کے عوام میں تیل و گیس کی رائلٹی اور ماحول کے تحفظ سمیت دیگر درپیش مسائل سے وزیر خزنہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت کوہاٹ ڈویژن کے عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن سمیت صوبے کے دیگر جنوبی اضلاع کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں کی تعمیر وترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔انہوں کہا کہ تیل و گیس کی پیداوار کے علاقے کے عوام کا ان وسائل پر پہلا حق ہے،ضلع کرک سمیت کوہاٹ ڈویژن کو حکومت نہ صرف تیل وگیس کی رائلٹی کی مد میں مکمل ادائیگی کی جائیگی بلکہ ان علاقوں میں معیاری ماحول کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ جنوبی اضلاع کی ترقی پر مرکوز ہے اور یہاں کے عوام کی محرومیوں اور ان علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے کا ہم نے عزم کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا ضلع کرک کا دورہ اور وہاں پر اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کرنا اس امر کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت اپنے 5 سالہ دور میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری جنوبی اضلاع میں کرے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی اس سلسلے میں 350 ارب روپے کی لاگت سے پشاور تا ڈی آئی خان سدرن موٹر وے کی تعمیر کی منظوری،چشمہ رائٹ بنک کینال کا منصوبہ جس سے 3 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور ضلع کرک میں 10 ارب کی لاگت سے گیس اور پینے کے پانی کے منصوبوں کا آغاز اس بات کی واضح دلیل ہے کہ جنوبی اضلاع کی ترقی وخوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔اس موقع پر وفد کے ارکان نے وزیر خزانہ کی جانب سے حکومتی یقین دہانی اور ان کے تحفظات کو سننے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کواپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...