شانگلہ،ڈیرہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش‘ پہاڑی علاقوں میں برفباری

شانگلہ،ڈیرہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش‘ پہاڑی علاقوں میں برفباری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


الپوری،ڈیرہ اسماعیل خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر، بیورو رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں ہلکی بارش، جنوبی وزیرستان اور ژوب کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ، کئی علاقوں میں بجلی اور گیس ناپید، بارش اور سردی کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور مضافاتی علاقوں میں کئی روز سے جاری خشک سردی کی لہر کے بعد سال نو کی آمد کے ساتھ ہی ہلکی بوندا باندی نے سماں باند دیا، ڈیرہ شہر اور مضافات میں گزشتہ صبح سے جاری ہلکی بارش وقفے وقفے سے جار رہی جس سے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی خشک اور خون جمادینے والی سردی اور خشک سردی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا کافی حد تک خاتمہ ہوگیا۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے جبکہ سونے پر سہاگہ گیس کی لوڈ شینگ نے کیا۔ ادھر شمالی اور جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں اور ژوب بلوچستان کے پہاڑی سلسلوں پر ہونے والی برفباری نے بھی ڈیرہ میں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے، اطلاعات کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان کے بعض علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ بارش اور سردی کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے دوسری جانب گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہری ایک بار پھر ایل پی جی گیس سمیت لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے ہیں تاہم منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا نے عوام کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں ایل پی جی گیس سمیت جلانے کی لکڑی اور کوئلے کی قیمت میں خودساختہ اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں نے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔شانگلہ میں برف باری کے بعد وادی نے برف کا سفید چادر اڑھ لی،خون جمانے دینے والی سردی نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا،اکثر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔بالائی علاقوں کے رابطہ سڑکیں بند،بجلی اور مواصلات کا نظام بھی شدید متاثر ہو گیا ہے۔ برف باری سے ٹریفک کے روانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ضلعی انتظامیہ شانگلہ خاموش تماشائی، این ایچ اے اور سی اینڈ ڈبلیو منظر عام سے غائب ہیں۔ شانگلہ کے میدانی علاقوں سینکڑی میں موسلادھاربارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔سخت سردی سے بچوں میں نمونیا،کھانسی،بخار اور سینہ کی بیماریوں میں اضافہ۔ کاروباری زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی،بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم،شانگلہ ٹاپ،یخ تنگی ٹاپ،اور کنڈو سر میں ٹریفک میں مشکلات،بغیر چین گاڑی چلانے پر پابندی۔ شانگلہ گردونواح میں جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب سے شروع ہونے والی برف باری نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے سخت سردی اور راستے بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ برف باری سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ شانگلہ کے بالائی، پہاڑی سلسلوں شلخو سر، مان سر،چانگا سر،اجمیر سر، کاپر بانڈہ اور دیگر پہاڑی سلسلوں پر تین سے چار فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ شانگلہ ٹاپ،یختنگی ٹاپ، مانی سر پر ایک سے دو فٹ برف پڑی ہوئی ہے،شانگلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر الپوری،لیلونئی،اولندر میں چھ سے سات انچ برف پڑ چکی ہے۔ بشام،دندی،پورن الوچ،چکیسر، کروڑہ،رانیال،کماچ نصرت خیل،مارتونگ میں تیز اور سرد ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں نمایا اضافہ ہوا ہے، سوختہ لکڑ کی قیمتوں میں اضافے اور قلت سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے محکمہ موسمیات نے ائندہ ہفتے تک وقفے وقفے سے بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیشنگوئی کی ہے۔۔

مزید :

صفحہ اول -