تمام سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں نکام ہو چکی ہیں:مصطفٰی کمال

تمام سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں نکام ہو چکی ہیں:مصطفٰی کمال

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔ جمہوریت کے نام پر ذاتی مفادات کے حصول کی دوڑ جاری ہے۔ جب یہ جماعتیں چاہتی ہیں جمہوریت کی بات کرتی ہیں اور جب مفادات کے حصول کے لیے کوئی غیر جمہوری راستہ اختیار کرنا ہو تو یو ٹرن لے کر عوام کو دھوکا دے دیتی ہیں۔ اسی لیے عوامی مسائل کا حل صرف پاک سرزمین پارٹی کے پاس ہے کیونکہ ہم رنگ، زبان اور خاندان کی سیاست کے بجائے صرف عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت، تجربے اور معلومات کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں۔ 24 جنوری کو لاڑکانہ میں جلسہ عام کے بعد عوامی رابطے مزید تیز کر دیں گے۔ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مایوس ہو کر عوام بڑی تعداد میں پی ایس پی کے قافلے کا حصہ بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاس کے باہر منعقد کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و دیگر مرکزی رہنما بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کا مقابلہ کراچی کی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ ہم قومی سطح کی جماعت ہیں اور ہمارا مقابلہ بھی قومی سطح کی پارٹیوں سے ہی ہے۔ آج بلا رنگ، نسل، زبان کی تفریق کے کراچی سے لے کر کشمیر تک ہمارے پارٹی ذمہ داران اور کارکنان موجود ہیں۔ لوگ ہمارے نظریے کی سچائی اور ہمارے کردار کو دیکھ کر ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ ہمارے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ جو بات 3 مارچ کو کی آج تک لفظ با لفظ اس پر قائم ہیں، کوئی یوٹرن نہیں لیا۔ آئندہ آنے والا وقت پاک سرزمین پارٹی اور اس کے تعلیم یافتہ، باشعور اور باصلاحیت نوجوانوں کا ہے۔  ہم نے جو راستہ اختیار کیا ہے سب کو اسی پر آنا ہوگا کیونکہ اس کے علاوہ مسائل کا کوئی اور مستقل حل موجود نہیں ہے۔ ہم جتنی دیر کریں گے پاکستان کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہوگا، جس کیلئے آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ 

مزید : صفحہ آخر