ایران کے سپریم لیڈر کی امامت میں جنرل قاسم سلیمانی کی نمازجنازہ ادا،لاکھوں افراد کی شرکت

ایران کے سپریم لیڈر کی امامت میں جنرل قاسم سلیمانی کی نمازجنازہ ادا،لاکھوں ...
ایران کے سپریم لیڈر کی امامت میں جنرل قاسم سلیمانی کی نمازجنازہ ادا،لاکھوں افراد کی شرکت

  



تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی دارالحکومت تہران میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ اداکردی گئی۔قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران میں انسداد دہشت گردی کے کمانڈرقاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لاکھوں لوگ امڈ آئے۔پورے شہر میں تل دھرنے کو جگہ نہ رہی۔رپورٹ کے مطابق دن کا آغااز ہوتے ہی افسوس کیلئے آنے والوں کا ایک سمندر تھا جس نے انقلاب اسکوائر میں نماز جنازہ کیلئے لائے گئے جنرل سلیمانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ میں لاکھوں افراد شریک ہوئے جبکہ امامت ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کی۔نماز جنازہ میں ایران کے صدر حسن روحانی، پاسداران انقلاب کی القدس ونگ کے نئے سربراہ سمیت ایران کی اعلیٰ سیاسی، سماجی اور عسکری شخصیات شریک ہوئیں۔

لوگوں نے اپنے قومی ہیرو کے پورٹریٹس اٹھا رکھے تھے اوامریکا مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر ایرانی تمام اختلافات پس پشت ڈال کر متحد ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو جمعہ کو امریکی ڈرون حملے میں قتل کیاگیاتھا جس کے بعدعراق سے ان کا سرکاری سرپرستی میں سفر آخرت شروع کیاگیاتھا جو کئی شہروں سے ہوتا ہواتہران پہنچا ہے۔یہاں جنازے کے بعد انہیں ان کے آبائی گاوں لے جاکر کل بروز منگل کو سپرد خاک کیاجائے گا۔

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی /عرب دنیا


loading...