سرکاری سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ لیکن شہری نے جلد سکول کھولنے کی استدعا کردی مگر کیوں؟ایسی تصویر شیئرکردی کہ مراد راس بھی چپ نہ رہ سکے

سرکاری سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ لیکن شہری نے جلد سکول کھولنے کی استدعا ...
سرکاری سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ لیکن شہری نے جلد سکول کھولنے کی استدعا کردی مگر کیوں؟ایسی تصویر شیئرکردی کہ مراد راس بھی چپ نہ رہ سکے

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سرکاری سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیاگیاہے لیکن شہری نے جلد سکول کھولنے کی ایسی استدعا کردی کہ صوبائی وزیرتعلیم مراد راس بھی چپ نہ رہ سکے۔

انجینئرآفتاب آفریدی نامی ایک صارف نے گاڑی کے ڈیش بورڈ کی ایک تصویر شیئر کی جس پر لگی لکیریں بتاتی ہیں کہ کسی بچے نے اپنی قلمی صلاحیتوں کااظہارکیاہے،آفتاب آفریدی نے اپنی تصویر پر کیپشن جمایا کہ’ وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ اور وزیر تعلیم پنجاب سے گزارش ہے کہ اللہ کے واسطے جلدی چھٹیاں ختم کریں۔بچے لکھنا چاھتے ہیں‘۔

شہری کے دلچسپ انداز میں کئے گئے اس مطالبے پر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس بھی چپ نہ رہ سکے، اس کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ نہیں سمجھتے کہ یہ چھٹیوں میں اضافہ نہ کرنے کی ایک بہترین وجہ ہے‘۔

دلچسپ پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مزے مزے کے ٹویٹس کئے۔ کاشف عمران مانگٹ نے لکھا’مراد راس، سر ایک چیز اور،آپ وہ واحد شخصیت ہیں جو اپنے ماتحت (اساتذہ)کے ساتھ اپنا اچھا حس مزاح شیئر کرتے ہیں‘۔

محمد عرفان نے لکھا’جناب ، موسم کی صورتحال کے باعث مزید ایک ہفتہ سکول کھولنا مناسب نہ ہوگا،یہ بچوں کی صحت کیلئے ضروری ہے۔برائے کرم ان میں اضافہ کریں، اساتذہ برادری کوآپ سے کوئی تحفظات نہیں ہیں، آپ پہلے سے ہی بہترین فیصلے کررہے ہیں‘

ابوبکرگگوی نے کہا’یوں لگ رہا ہے بچے لکھنا نہیں پینٹ کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ورنہ ایسے لکھیں گے تو ٹاپ ہی کریں گے۔۔۔‘

واضح رہے کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات بارہ جنوری تک بڑھا دیں گئیں جس کے بعد اسکول ایک دن کھلنے کے بعد دوبارہ ایک ہفتے کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔محکمہ تعلیم نے چھٹیوں کا نیا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ موسم کی صورتحال کی وجہ سےچھٹیاں بارہ جنوری دوہزار بیس تک بڑھا دی گئی ہیں۔

پنجاب بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکول  پیر تیرہ جنوری 2020کو کھلیں گے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس