چھوٹے حمزہ خان کا بڑا کارنامہ، سکواش کی دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا
برمنگھم (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے محمد حمزہ خان نے برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 15 کا ٹائٹل جیت لیا، برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں 8 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا ٹائٹل ہے۔
تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں حمزہ خان نے انڈر 15 کے فائنل میں انگلینڈ کے یوسف شیخ کو 16 منٹ میں 4-11، 3-11 اور 7-11 سے شکست دی۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان انڈر 15 کھلاڑی نے برطانوی حریف کیخلاف پہلا گیم 6 منٹ جبکہ اگلے دو گیمز 5، 5 منٹ میں جیتا۔
حمزہ خان نے پاکستان کو 8 سال قبل برٹش اوپن کا ٹائٹل جتوایا ہے جبکہ اس سے قبل 2012ءمیں انڈر 15 پلیئر اسرار احمد نے بھی اس کیٹیگری میں پاکستان کو برٹش اوپن کا ٹائٹل جتوایا تھا۔ محمد حمزہ خان 2017ءسے اب تک 9 گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں جس میں دو ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے میڈلز بھی شامل ہیں۔
محمد حمزہ خان مجموعی طور پر کسی بھی ایج گروپ میں برٹش اوپن ٹائٹل حاصل کرنے والے 13 ہویں پاکستانی ہیں جبکہ انڈر 15 کا اعزاز حاصل کرنے والے وہ پانچویں پاکستانی ہیں۔ان سے قبل اسرار احمد، شعیب حسن، عامر اطلس خان اور فرحان محبوب بھی انڈر 15 میں برٹش اوپن جیت چکے ہیں۔