آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ کردیا
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن )آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 279 رنز سے ہرا کر تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ٹیسٹ کے چوتھے روز 416 رنز کے تعاقب میں نیتھن لائیون اور مچل سٹارک کی شاندار بولنگ کے سبب کیویز صرف 136 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 40 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی، ڈیوڈ وارنر نے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، برنز 40 اور پہلی اننگز میں شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے والے لبوشین 59 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اننگز کے دوران پچ کے درمیان دوڑنے پر نامور پاکستانی امپائر علیم ڈار نے پہلے لبوشین اور وارنر کو وارننگ دی، پھر پانچ رنز کی پنالٹی لگادی۔
دوسری اننگز میں جب2 وکٹوں کے نقصان پر اسکور 217 رنز ہوا تو آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، یوں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 416 رنز کا ہدف ملا۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکا اور پوری ٹیم صرف 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کولن ڈی گرینڈہوم نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 52 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ راس ٹیلر نے 22، بی جے ویٹلنگ 19 اور ٹوڈ ایسٹل کے سوا کوئی بھی کیوی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔آسٹریلیا کی طر ف سے نیتھن لائیون نے دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں ، جبکہ مچل سٹارک نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیاے
یوں آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ 279 رنز سے جیت کر سیریز میں تین۔ صفر سے کلین سوئپ کردیا۔مارنس لبوشین کو 215 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 296 رنز سے ہرایا تھا جبکہ میلبرن ٹیسٹ میں کیوی ٹیم کو 247 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔